پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، عالمی برادری افغان عوام کی معاونت کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ڈینش ہم منصب سے مذاکرات

195

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،افغانستان میں انسانی و معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری افغان عوام کی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔پاکستان اور ڈنمارک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوئے۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ڈینش وفد کی قیادت ڈنمارک کے وزیرخارجہ یپے کوفو نے کی۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے ہم پاکستان کی معاونت پر ہم ڈنمارک کے شکر گزار ہیں،ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہت سی پر کشش مراعات دے رہے ہیں جبکہ کاروبار میں آسائشیں کے حوالے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈینش کمپنیاں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے ان مراعات سے استفادہ کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کا فروغ قابل ستائش ہے۔دونوں ممالک کی پارلیمان میں پاکستان اور ڈنمارک پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کی موجودگی، پارلیمانی روابط کے فروغ کا باعث ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ہم نے ایک ہزار سے زائد ڈینش شہریوں کو کابل سے محفوظ انخلاء میں معاونت فراہم کی،مجھے خوشی ہے کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارے نقطہ نظر میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ تبدیلی کے دوران خون خرابے اور خانہ جنگی کا نہ ہونا مثبت پہلو ہیں، عالمی برادری افغانستان میں، پاکستان کی طرح اجتماعیت کی حامل حکومت کی متمنی ہے۔وشیر خارجہ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ افغانستان میں جنم لیتے انسانی و معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری افغانوں کی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، اقتصادی بحران سے دہشت گرد گروہوں کو افغانستان میں قدم جمانے کا موقع ملے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں افغانستان کے حوالے سے اسپاییلرز کی موجودگی اور عزائم سے باخبر رہنا ہو گا۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے تناظر میں، ڈینش ہم منصب کے ساتھ ٹریول ایڈوائزی پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔ڈینش وزیر خارجہ نے ڈینش شہریوں کے کابل سے محفوظ انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا