کراچی۔8دسمبر (اے پی پی):معروف پاکستانی امریکن ڈاکٹر انوش احمد کی جدید دور میں کاروباری اداروں میں لیڈرشپ کی موثر حکمت عملیوں پر مبنی کتاب ”لیڈرشپ 101” پاکستان سمیت عالمی سطح پر مقبول ہو رہی ہے۔ کتاب میں دور حاضر کے مطابق لیڈرشپ کے اصولوں کو نہایت آسان ، جدید اور عملی انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔کتاب میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کاروباری اداروں کی ترقی اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے حوالے سے پرانی روایات اور طور طریقوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
روایتی طور پر سخت اوقات کار نافذ کرنے اور باریک بینی سے نگرانی کرنے کے بجائیلیڈرز کو اپنی ٹیم کے ارکان کی مخصوص ضروریات پر غور کرنا چاہیے، ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے جہاں ملازمین خود کو قابلِ اعتماد اور اہم محسوس کریں۔یہ کتاب صرف لوگوں خوش کرنے کیلئے نہیں بلکہ ایک ایسی افرادی قوت تیار کرنے کے بارے میں جو متحرک اور پرعزم ہو۔کتاب میں رہنمائوں پر زور دیا گیا کہ ایک ایسے کلچر کو فروغ دینا چاہیے جہاں تجربات سے سیکھنے کی اہمیت ہو ۔
ایسا ماحول تخلیق کر کے جہاں ملازمین خود کو محتاط خطرات لینے اور ان سے سیکھنے میں آزاد محسوس کریں، ٹیم میں جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔ رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ سرپرست کا کردار ادا کریں جو چیلنجز کے دوران اپنی ٹیم کی رہنمائی کریں بجائے اس کے کہ نگران ہوں جو غلطیوں پر سزا دیں۔متعدد کاروباری رہنمائوں نے ڈاکٹر انوش احمد کی کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کو خاص طور پر نوجوان قائدین اور پیشہ ور ماہرین کے لیے ایک قیمتی ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔
کتاب کاروباری رہنمائوں کو ادارے کی ترقی اور ملازمین اور ورکروں کو ترقی کے یکساں مواقع دینے اور انہیں ادارے کا مفید اثاثہ بنانے کیلئے جدید دور کے مطابق حکمت عملیاں ترتیب دینے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر انوش احمد نے کتاب کی مقبولیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے ایک اعزاز اور خوشی کی بات ہے کہ دور حاضر کے بدلتے ہوئےحالات میں لوگ نئی چیزیں سیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
میری کتاب لوگوں کو پرانی سوچ بدلنے اور نئی طریقوں کو اپنا کا ہنر سیکھاتی ہے۔ میری کوشش تھی کہ لیڈرشپ کے پیچیدہ موضوعات کو آسان زبان میں بیان کروں تاکہ ہر کوئی اس سے فائدہ اٹھا سکے۔ کتاب کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ لیڈرشپ کی سمجھنا اور اس پر عمل کرنا آج کی دنیا میں کتنا اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداروں میں ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے تربیتی پروگرام، رہنمائی کے مواقع اور تنظیم کے اندر ترقی کا راستہ فراہم کیا جانا چاہئے ۔جب ملازمین دیکھتے ہیں کہ ان کی کمپنی ان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تو وہ زیادہ وفادار، پرعزم اور کام میں مشغول رہتے ہیں جس سے کمپنی کی ترقی میں مدد ملتی ہے۔