پاکستانی تجارتی وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

پاکستانی تجارتی وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی تجارتی وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے ہدف پر پیش رفت کرنا ہے۔وزارتِ تجارت جاری بیان کے مطابق مطابق وفاقی وزیر تجارت کی قیادت میں دورہ کرنے والے وفد میں سرکاری حکام اور کاروباری نمائندے شامل ہوں گے یہ دورہ دسمبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں متوقع ہے جبکہ حتمی تاریخ مالدیپ کی توثیق کے بعد طے کی جائے گی۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید سے ورچوئل ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان اور سیکریٹری تجارت جواد پال نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔ یہ ورکنگ گروپس کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سہولیات کو مزید بہتر بنانے تجارتی اور نقل و حمل کی رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے سفارشات وزارتی جائزے کے لیے پیش کریں گے۔جام کمال خان نے تجویز دی کہ دورے سے قبل پاکستانی برآمد کنندگان اور مالدیپ کے خریداروں کے درمیان ورچوئل ملاقات کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ورکنگ گروپ کے لیے رابطہ افسر مقرر کرنے کے ساتھ کام مکمل کرنے کی مدت بھی طے کی جائے تاکہ عملی پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔ملاقات میں پاکستان سے مالدیپ کو ضروری اشیا کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تعمیراتی سامان، چاول، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور ٹیکسٹائل کو دوطرفہ تجارت کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا۔مالدیپ کے وزیر محمد سعید نے کہا کہ پاکستان سے براہِ راست بحری رابطہ اور ضروری اشیا کی درآمد ان کے ملک کی فوری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براہِ راست بحری سروس کی قابلِ عملیت جانچنے کے لیے دستیاب مال کی نوعیت اور مقدار کا تعین ضروری ہے۔وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ اگر مال برداری کے لیے کافی مقدار میں سامان دستیاب ہو تو پاکستان کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں، ماہی گیری اور بحری تربیت کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ براہِ راست بحری رابطے سے تعمیراتی سامان اور ہوٹلوں کے لیے درکار اشیا کی تجارت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کے لیے مالدیپ کی منڈی میں برآمدات کے مواقع بھی موجود ہیں۔ملاقات کے دوران جام کمال خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔