محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو السی کی کاشت 30نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی
محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو السی کی کاشت 30نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت(توسیع) کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عدیل احمد نے کاشتکاروں کو السی کی کاشت 30نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر زمین میں کلر کی شدت زیادہ ہو تو زمین کی اصلاح کیمیائی مرکبات مثلاً جپسم اور گندھک کے تیزاب کے ساتھ نامیاتی مادے اور سبزکھادوں کا استعمال کر کے اصلاحی عمل کے بعد السی کی کاشت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ السی موسم ربیع کی ایک منافع بخش فصل ہے جسے پاکستان میں بنیادی طور پر تیلدار فصل کے طور پر کاشت کیا جا تا ہے کیونکہ اس کے بیج میں تیل کی مقدار 35سے 42 فیصد ہو تی ہے اور السی کا تیل جلد خشک ہو جانے کی صلاحیت رکھنے کی وجہ سے پینٹ، وارنش اور چھاپہ کی سیاہی بنانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس کے علاوہ مکانات کے فرشوں اور پلوں کو سیم اور تھور کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ السی کے تنوں اور شاخوں سے ریشہ حاصل ہو تا ہے جسے دھاگے اور کپڑے کی صنعت کیلئے استعمال کیا جا تا ہے نیز السی انسانوں اور جانوروں کی سوزشی امراض کیلئے بننے والی ادویات میں بھی استعمال کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کا وقت کاشت یکم سے 30 نومبرتک ہے جبکہ السی کی قسم” چاندنی” 1988 میں متعارف ہوئی جس کے پھول سفیدرنگ کے اور پودے مضبوط ہوتے ہیں اسلئے آندھی وغیرہ کی صورت میں گرنے سے محفوظ رہتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس کے بیج میں تیل کی مقدار40سے42 فیصد ہوتی ہے اور یہ قسم کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف خاصی قوت مدافعت رکھتی ہے۔







