عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور اور کثیرالجہتی تعاون ناگزیر ، دیرینہ تنازعات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں، خواجہ محمد آصف

عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور اور کثیرالجہتی تعاون ناگزیر ، دیرینہ تنازعات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں، خواجہ محمد آصف

برسلز / اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےعالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل انتہائی ضروری ہے ،پاکستان عالمی سطح پر وقارِ انسانیت، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے یہ بات یورپی پارلیمنٹ برسلز میں "شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم” سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جمعرات کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا متحرک کردار عالمی سطح پر قربانیوں اور شاندار خدمات کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ عالمی امن کے قیام کی خاطر 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا کہ تنازعات کے شکار علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے امن مشنز کے مینڈیٹ کو حقیقت پسندانہ، وسائل سے بھرپور اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری عالمی تنازعات کو مزید ہوا دے رہے ہیں ، پاکستان خود موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ تنازعات کے علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدوں کی تکمیل ناگزیر ہے۔ خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور عالمی سطح پر وقارِ انسانیت، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔