عام انتخابات 2029 میں مقررہ وقت پر ہوں گے،وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 2029 میں مقررہ وقت پر ہوں گے

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 2029 میں مقررہ وقت پر ہوں گے، نئے صوبوں کے قیام یا آئینی تبدیلیوں سے متعلق فیصلے عوام اور پارلیمان کی مرضی سے ہی کئے جا سکتے ہیں، اس حوالے سے قبل از وقت ردعمل دینا مناسب نہیں۔فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ایک قابل احترام اتحادی جماعت ہے اور ماضی میں بھی آئینی ترامیم کی حمایت کر چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا، کسی بھی اقدام کے لئے عوامی رائے ضروری ہوگی جبکہ جہاں ریفرنڈم کا طریقہ کار لاگو ہو وہاں اس کے ذریعے عوام کی رائے لی جا سکتی ہے، اس کے بعد پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی منظوری بھی درکار ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 24 نومبر کو راولپنڈی کا دورہ کریں گی جہاں شہر کے مرکزی علاقے میں گرین بسوں کا افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ریلوے کی اپ گریڈیشن، نئی کوچز کی فراہمی اور بلدیاتی سطح پر مختلف ترقیاتی اقدامات بھی جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے ملکی خودمختاری اور دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔