اسلام آباد پولیس کے مزید 203 افسران و اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے مزید 203 افسران و اہلکاروں کو ترقی دے دی

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے مزید 203 افسران و اہلکاروں کو ترقی دے دی، ترقی پانے والوں میں 90 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز)، 107 سب انسپکٹرز اور 6 لوئر ڈویژن کلرکس (ایل ڈی سیز) شامل ہیں۔اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر اور دیگر سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو نئے رینک لگائے۔

تقریب میں ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کے اہلخانہ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران و اہلکاروں کا بنیادی حق اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے جبکہ ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ مزید محنت، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل افسران و اہلکاروں کو میرٹ پر بروقت ترقیاں دینا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور پیشہ وارانہ ترقی کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔آئی جی اسلام آباد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پانے والے افسران و اہلکار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خدمتِ عامہ کے لئے مزید موثر کردار ادا کریں گے۔