آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں سکول لیڈرز کانفرنس

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں سکول لیڈرز کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا گیا

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں سکول لیڈرز کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیم کے بدلتے ہوئے تقاضوں، جدید تدریسی رجحانات، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت مستقبل کے تعلیمی چیلنجز پر غور کیا گیا۔ کانفرنس میں 200 سے زائد ماہرین تعلیم، سکول سربراہان، اساتذہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مختلف سیشنز میں سکولوں کی قیادت کے بدلتے ہوئے کردار، تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، طلبہ میں عملی مہارتوں کے فروغ اور موثر تدریسی حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ’’مستقبل کی تشکیل: تبدیلی سے ہم آہنگی اور موثر نتائج کا حصول‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے کہا کہ تعلیمی نظام میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لئے سکول سربراہان، اساتذہ اور پوری تعلیمی برادری کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے ساتھ معیاری اور بامقصد تعلیم کو ترجیح دینا ہوگی۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس برطانیہ کی منیجنگ ڈائریکٹر ایجوکیشن الزبتھ من نے خصوصی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور جدید تدریسی طریقوں سے حقیقی فائدہ اسی وقت حاصل کیا جاسکتا ہے جب انہیں سوچ سمجھ کر تعلیمی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ مقامی امتحانی بورڈز سے وابستہ اساتذہ کے سیشن میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق نے سکولوں کی قیادت میں موثر تبدیلی کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس سے وابستہ شازیہ اسد نے کہا کہ اساتذہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو تبدیل کرنے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے نئی تدریسی حکمت عملیوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں یکساں نصاب کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مختلف صوبوں میں نصاب کے فرق کو کم کیا جا سکے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مصنوعی ذہانت کے دور میں ریاضی کی تعلیم، جدید تعلیمی وسائل، طلبہ میں عملی مہارتوں کے فروغ اور سائنس کی تدریس میں تحقیق و تجسس کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیمی قیادت کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی حکمت عملیوں کی تشکیل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔