سینڈ پیپر سکینڈل کے گرد پھیلائی جانے والی ہیجان انگیزی بے بنیاد ہے، پیٹ کمنز کے منیجر

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈرپیٹ کمنز کے منیجر نیل میکسویل نے 2018 کے کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے حوالے سے کپتان پر کی جانے والی تنقید کو حقیقت سے عاری ہیجان انگیزی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے

سڈنی۔20نومبر (اے پی پی):آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈرپیٹ کمنز کے منیجر نیل میکسویل نے 2018 کے کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے حوالے سے کپتان پر کی جانے والی تنقید کو حقیقت سے عاری ہیجان انگیزی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب سابق اوپنر عثمان خواجہ نے کیمرون بینکرافٹ کے بیانات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینکرافٹ کے پاس جھوٹ بولنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ عثمان خواجہ کی خود نوشت اور اس کے بعد کیمرون بینکرافٹ کے اخباری کالم میں یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد کہ 2018 کے ٹیسٹ میں گیند کی شکل بگاڑنے کے منصوبے کا پوری ٹیم کو علم تھا، پیٹ کمنز شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ آسٹریلوی میڈیا کو جاری بیان میں نیل میکسویل نے کہا کہ اگر معاملے کا ٹھنڈے دل سے تفصیلی جائزہ لیا جائے تو پیٹ کمنز کا 8 سال پرانا مؤقف اور گزشتہ ہفتے کی 68 منٹ طویل پریس کانفرنس بالکل درست ثابت ہوتی ہے اور اس بات کا کوئی سنجیدہ ثبوت نہیں کہ وہ اس سازش کے معمار تھے یا انہیں میدان میں سینڈ پیپر کے استعمال کا علم تھا، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ معطل ہونے والے کھلاڑیوں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بینکرافٹ نے اس جرم کی بہت بھاری قیمت چکائی۔

دوسری جانب جمعرات کی شب ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ بیٹر عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بینکرافٹ نے خود کو محفوظ محسوس کرتے ہوئے اصل کہانی دنیا کے سامنے بیان کی اور وہ بطور دوست ان کی مکمل پشت پناہی کرتے ہیں۔ اس تمام ہنگامہ آرائی کے دوران سابق کپتان سٹیو سمتھ خاموش ہیں اور جمعہ کو سڈنی میں سکینڈل دوبارہ بھڑک اٹھنے کے بعد پہلی مرتبہ ٹریننگ کے لیے آئے تاہم صحافیوں سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہو گئے۔ دریں اثنا کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے کی دوبارہ باضابطہ تحقیقات کھولنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف بیان کرنے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے بھی پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا بیان کسی تفتیش کے دائرے میں نہیں ہے۔

 

مزید خبریں