پاکستانی حجاج کرام کے لئے روڈ ٹو مکہ کے ذریعے سہولت کی فراہمی پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں، طاہر محمود اشرفی

پاکستانی حجاج کرام کے لئے روڈ ٹو مکہ کے ذریعے سہولت فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں، پاکستان علماکونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی حجاج کرام کے لئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے سہولت فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی کسٹم حکام عازمین حج کا سامان کلیئر کریں گے جس سے عازمین کو سعودی عرب میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،

ان خیالات کا اظہارپاکستان علماکونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ نے جمعرات کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے انتظامات کے جائزہ لینے اور پاکستانی حجاج کرام سے مسائل سننے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی عرب سے سعودی کسٹم حکام اور سعودی وزارت داخلہ کے اہلکار اسلام آباد آئیں اور خصوصی طور پر اس پروگرام کے تحت حجاج کرام کے سامان کی یہیں پر کلیئرنس دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ سہولت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فراہم کی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ ہوائی اڈوں پر بھی مستقبل میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، ہمارے تعلقات ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں، سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کے وژن 2030 کے تحت عازمین حج کے لئے کئے گئے اقدامات بے مثال ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے لئے سعودی عرب سے آئے مہمانوں سے ملاقات کی تھی اور ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے مسائل جاننے کے لئے آج میں یہاں آیا ہوں، وزیر مذہبی امور، وزارت مذہبی امور و حج، ایف آئی اے، سول ایوی ایشن اور باقی دیگر ادارے مسلسل حجاج کی خدمت میں مصروف ہیں، ہم نے کوشش کی ہے کہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ماضی میں بھی کسی دوست ملک نے پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا اور نہ ہی پاکستان نے کسی دوست ملک کا ساتھ چھوڑا، آنے والے وقت میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج سے کہتا ہوں کہ بغیر تصریح کے حج جائز نہیں ہے اس لئے بغیر تصریح کے نہ جائیں، یہ تمام علما کرام کا متفقہ فتویٰ ہے۔

انہوں نے پاکستانی عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حرمین الشریفین میں عبادت کے لئے گئے ہیں اس لئے وہ کسی سیاسی نعرے بازی یا کسی سیاسی بحث مباحثے یا تفرقہ بازی میں شریک نہ ہوں، آپ وہاں عبادت کے لئے جا رہے ہیں، وہاں جا کر اپنے ملک و قوم کی بہتری، مظلوم کشمیریوں و فلسطینیوں، امت مسلمہ اور حرمین الشریفین کی خدمت کرنے والوں کے لئے دعا کریں۔