پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا اسماعیلی سینٹر دبئی کا دورہ، پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

128
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا اسماعیلی سینٹر دبئی کا دورہ، پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

ابو ظہبی۔8فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسماعیلی سینٹر دبئی کا دورہ کیا ،انہوں نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سفیرفیصل نیاز ترمذی نے پرنس کریم آغا خان کی غیر معمولی زندگی اور وراثت کو خراج تحسین پیش کیا جو انسانیت کی خدمت کے لئے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے،ان کی انتھک کوششوں نے دنیا بھر میں پسماندہ اور کمزور طبقات کو اوپر اٹھایا۔

پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پرنس کریم آغا خان چہارم اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی بالخصوص آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے کام کے ذریعے مرحوم کی قابل ذکر خدمات کو یاد کیا۔

دورےکے دوران اسماعیلی سینٹر دبئی کے نائب صدر خلیل فیروز محمد، سفارتی تعلقات کے سربراہ اکبر ورجی اور اسماعیلی برادری کے سینئر نمائندے حسن ویلانی نے پاکستانی سفیر کا استقبال کیا۔ انہوں نے مل کر مرحوم کی غیر معمولی زندگی اور وراثت پر روشنی ڈالی۔

ہم ان کے والد پرنس علی سلمان آغا خان جو پرنس علی خان کے نام سے جانے جاتے تھےکی اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر اور مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانہ اسماعیلی برادری، آغا خان خاندان اور ان تمام لوگوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے جو اس غیر معمولی رہنما کے انتقال پر غم زدہ ہیں۔