پاکستانی عازمین حج کے لئے مکہ مکرمہ میں کھانے کامعیار بہتر بنانے اور شٹل سروس کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ڈائریکٹر حج مکہ

110
سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اہتمام 15 محرم الحرام کو کیا جائے گا
سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اہتمام 15 محرم الحرام کو کیا جائے گا

مکہ مکرمہ ۔22جون (اے پی پی):پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین حج کے لئے مکہ مکرمہ میں کھانے کامعیار بہتر بنانے اور مسجد الحرام تک رسائی کے لئے شٹل سروس کی سہولت رہائشی عمارات کے دونوں اطراف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رہائشی عمارتوں میں حاجیوں کو کھانے کے وقت لمبی قطاروں سے بچانے کے لیے کھانے کی پیکنگ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جو حاجی میس میں بیٹھ کرنہ کھانا چاہیں وہ اپنے کمروں میں بھی کھا سکتے ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق تیسیر سیکٹر کی رہائشی عمارت 101 سے کر دیا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ عازمین کی مسجدالحرام تک رسائی کو مزید آسان بنانے کے لئے شٹل سروس عمارت کے دونوں اطراف دستیاب ہوگی، پہلے یہ سہولت صرف ایک طرف کے داخلی دروازے پر دستیاب تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہم کھانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کرنے جارہے ہیں جس کے تحت کھانوں کی ڈشوں میں اضافہ کیا جائے گا جس سے حاجی کے پاس اپنی مرضی کا کھانا کھانے کا آپشن موجود ہوگا ۔

اے پی پی نے تیسیر سیکٹر کی رہائشی عمارت کا سروے کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کھانے کی پیکنگ اور شٹل سروس کا بلڈنگ کے دونوں اطراف فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کھانے کی وافر اور متعدد اقسام میں فراہمی جاری ہے ۔ دن کے وقت کھانے کے مینیو میں سالن روٹی فروٹ ، دہی ، لسی وافر مقدار میں فراہم کی جارہی ہے جبکہ رات کے کھانے میں بھی مینیو کے مطابق سالن روٹی یا بریانی پلائو کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ سویٹ ڈشز دی جاتی ہے ۔صبح کا ناشتہ بھی دیا جا رہا ہے۔

یہ بات خاص طور پر نوٹ کی گئی ہے کہ کھانے کا عازمین حج کی طرف سے بکثرت ضیاع بھی دیکھنے میں آیا ہے اس حوالے سے پاکستانی عازمین کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ملک کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے ۔