پاکستان آرمی نے پاکستان ایئر فورس کو فائنل میں 41-31 سے شکست دے کر انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پاکستان آرمی نے پاکستان ایئر فورس کو فائنل میں 41-31 سے شکست دے کر انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان آرمی نے پاکستان ایئر فورس کو سنسنی خیز فائنل میں 41-31 سے شکست دے کر انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ڈویژنل اور ضلعی کبڈی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں ملک بھر سے آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان پولیس، واپڈا، پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور اے ایس ایف شامل تھے، یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پ±رجوش شائقین کے سامنے کھیلے گئے فائنل میں آرمی اور ایئر فورس کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

تاہم کوچز محمد سلمان جٹ، فیصل قدیر اور محمد نصیر کی رہنمائی میں آرمی کی بہتر حکمت عملی اور شاندار کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی اور انہوں نے 41-31 سے واضح کامیابی حاصل کر لی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 39-21 سے شکست دے کر پوڈیم پر جگہ بنائی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ نے تقریب میں شرکت کی اور کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری آرمی فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کرنل نبیل احمد رانا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔