تاشقند۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے منتخب ایوانوں اور ارکان میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں تین رکنی پاکستانی وفد نے ازبک ہم منصبوں سے ملاقاتوں اورگفتگو کے دوران کیا ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں ازبک ہم منصبوں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کی جن میں ازبک سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی چیئرمین سینیٹر روشن بیگ علیموف اور خارجہ تعلقات کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر انور تیچیوف اور دیگر بھی شامل تھے ۔ازبک سینٹ نے پاکستان کے جمہوری نظام کو سراہا اور ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط سٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیا ۔
دونوں اطراف نے پاک ازبک تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس میں پارلیمانی دوستی گروپ کے تبادلوں سمیت مستقبل میں تعاون کے امکانات کی حامل بات چیت ہوئی ۔ ازبک سینیٹ نے انتخابی عمل اور ازبکستان کی پارلیمنٹ کے کام کاج کے بارے میں قابل قدر بصیرت فراہم کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان بہتر افہام و تفہیم کو فروغ ملا۔سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان میں انتخابات کے حوالے سے وہاں کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے بطور عالمی مبصر مدعو کرنے پر ازبکستان کے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دین، تاریخ اور مشترکہ ثقافت پر مبنی قریبی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان کے لیے پاکستان کے احترام پر مبنی خیر سگالی جذبات کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے اور گوادر بندرگاہ سمیت کلیدی انفراسٹرکچر منصوبوں میں پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور علاقائی ترقی، امن اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان کے اپنے ہم منصبوں کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ پاکستانی سینیٹرز کو ازبک سینیٹ ہال کا جامع دورہ کرایا گیا جہاں انہیں ازبک سینیٹ کے امور کار اور پارلیمنٹ کے انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق بریفننگ دی گئی۔
اس موقع پر دونوں اطراف نے پاکستان ازبکستان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے پر مفید گفتگو کی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر غور کیا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کو متحرک کرنے اور دوطرفہ دورے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پاکستانی سینیٹرز کا وفد ازبکستان کے الیکشن کمیشن کی دعوت پر بطور عالمی مبصر دورے پر ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں وفد سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر عامر چشتی پر مشتمل ہے۔یوریشین ریجن امور کے ماہر خالد تیمور اکرم بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔