پاکستان اسٹیل مل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ شفاف ہوگا، مفادات کے ٹکراﺅ کو اس کے آڑے نہیں دیا جائے گا,وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا سینیٹ میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ شفاف ہوگا، مفادات کے ٹکراﺅ کو اس کے آڑے نہیں دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان بالا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کے نکتہ ءاعتراض کے جواب میں کیا۔ انہوں نے …

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ شفاف ہوگا، مفادات کے ٹکراﺅ کو اس کے آڑے نہیں دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان بالا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کے نکتہ ءاعتراض کے جواب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی روایت برقرار رکھے گی چاہے کابینہ کا کوئی رکن ہو یا کوئی دوسرا شخص مفادات سے ٹکراﺅ کے حوالے سے یہ یقین دلاتا ہوں کہ اسٹیل مل کے معاملہ میں جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ شفاف ہوگا۔ قبل ازیں سینیٹر رضا ربانی نے نکتہ ءاعتراض پر کہا کہ اسٹیل مل کے 9350 ملازمین کو فارغ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیا جا رہا ہے حالانکہ سپریم کورٹ نے براہ راست ایسا کوئی حکم نہیں دیا کیونکہ یہ لوگوں کے حقوق کا معاملہ ہے، اگر سپریم کورٹ سے ایسے احکامات آئیں گے تو پھر لوگ اپنے حقوق کے لئے کہاں آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اسٹیل مل کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کا کہا گیا اور پھر اسے اس لسٹ میں شامل کرلیا گیا جس کنسورشیم کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے اس حوالے سے بھی معاملہ سامنے لایا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ کہیں مفادات کا ٹکراﺅ بھی ان سے منسلک نہیں ہے۔ اسٹیل مل کے حوالے سے فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل میں ہو سکتا ہے۔ وفاقی کابینہ بھی اگر اس کی منظوری دے گی تو وہ مناسب فورم نہیں ہوگا کیونکہ یہ فیڈرل لیجسلیٹو کے آئٹم نمبر 3 میں شامل ہے۔