پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کی رکنیت حاصل کرلی، ترجمان دفتر خارجہ

152
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کی رکنیت حاصل کرلی۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے انتخابات میں ، پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں جرائم کی روک تھام اور کریمنل جسٹس سے متعلق کمیشن (سی سی پی سی جے)، خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (CSW)اور پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلق کمیشن (سی پی ڈی) کی رکنیت حاصل کر لی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کمیشنز مختلف معاشرتی اور معاشی امور پر بین الاقوامی تعاون بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔یہ انتخابات اقوام متحدہ کے 54 رکنی پرنسپل آرگنائزیشن اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) میں منعقد ہوئے ۔ سی سی پی سی جے اور سی پی ڈی کے لئے پاکستان کا انتخاب اقتصادی و سماجی کونسل کےتمام ارکان کی جانب سے اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا جبکہ سی ایس ڈبلیو مکے انتخاب کے لئے پاکستان نے 50 ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان ان تینوں کمیشنوں کی رکنیت یکم جنوری 2022 سے سنبھالے گا۔پاکستان کا بیک وقت ان تینوں اہم کمیشنوں کا انتخاب اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال کردار اور تعمیری شراکت پر عالمی برادری کے اعتماد کی عکاس ہے۔

ان کمشنوں کی رکنیت کے ذریعے پاکستان بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کا مقابلہ کرنے اور کریمنل جسٹس انتظامی نظام کو منصفانہ بنانے، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے اور آبادی کے اعداد و شمار اور معلومات کی تیاری اور تجزیہ کرنے میں ملکوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔