پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو دوستانہ امن کپ ٹی ٹونٹی میچ میں 133 رنز سے ہرا دیا امن کپ کے ذریعے ثابت کریں گے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دہشت گردی کو یہاں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

میران شاہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو دوستانہ امن کپ ٹی ٹونٹی میچ میں 133 رنز سے ہرا دیا، پاکستان الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 253 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، آفریدی نے روایتی حارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور 80 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، انضمام الحق 28 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، جواب میں یو کے میڈیا الیون کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا سکی، آفریدی کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان آرمی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی نے شمالی وزیرستان ایجنسی میران شاہ میں میچ کا انعقاد کیا جو کہ آزادی کپ سیریز کا حصہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ امن کپ کے ذریعے ثابت کریں گے پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دہشت گردی کو یہاں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں بحالی امن کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے، لوگ معمول کی زندگی گزار رہے ہیں اور یہاں پر رہائش پذیر لوگوں کو تمام تر بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔