واشنگٹن ۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے امریکہ کے نائب وزیر برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے ملاقات کی ۔ نائب وزیر برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو سے جمعہ کو یہاں پاکستانی سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے وسیع اور پائیدار تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی رابطوں میں اضافہ کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری شعبہ کی ترقی کیلئے مزید اصلاحات متعارف کرانے اور غیر ملکی کمپنیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنےکیلئے پرعزم ہے۔
شوکت ترین نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی حل کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری طالبان کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو احترام دے جس سے افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کے خدشات سے محفوظ رکھنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو نے معاشی اصلاحات کے حوالہ سے حکومت کےعزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاری و تجارتی رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔