پاکستان اور امریکہ کا افغانستان کی صورتحال ، سکیورٹی, انسداد دہشت گردی ، تجارت ,سرمایہ کاری ، موسمیاتی تبدیلی ، معیشت اور علاقائی رابطوں کے حوالے سے قریبی تعاون اوررابطے جاری رکھنے پر اتفاق

184

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور امریکہ نے افغانستان کی صورتحال ، سکیورٹی، انسداد دہشت گردی ، تجارت ،سرمایہ کاری ، موسمیاتی تبدیلی ، معیشت اور علاقائی رابطوں کے حوالے سے قریبی تعاون اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اتفاق جمعہ کووزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن کے مابین وزارت خارجہ میں ملاقات میں طے پا گیا۔اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات ، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد ، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے نقطہ ء نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔

نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار ل ئی گئی مسلسل کوششوں کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔

افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت ، انسانی امداد کی اور مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان، معاشی تعاون ، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد ، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی تعریف کی۔غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی کوویڈ سے متعلقہ معاونت پر نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کا شکریہ کیا۔