پاکستان انجینئرنگ کونسل کا انجینئرنگ پروفیشنلز پر مشتمل ماہرین کا پول بنانے کا اعلان

134
پاکستان انجینئرنگ کونسل کا انجینئرنگ پروفیشنلز پر مشتمل ماہرین کا پول بنانے کا اعلان

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے انجینئرنگ پروفیشنلز پر مشتمل ماہرین کا پول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اہل انجینئرز کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے اٹھانا، پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کو ترقی دینا اور اہم سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت کی رہنمائی کرنا ہے۔ منگل کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے جاری بیان کے مطابق 1976 میں قائم ہونے والی پاکستان انجینئرنگ کونسل ملک میں انجینئرنگ پیشے کی ترقی میں رہنما کردار ادا کرتی آرہی ہے۔

ماہرین کا یہ پول مختلف شعبوں کے تجربہ کار انجینئرز کو اکٹھا کرے گا تاکہ وہ پاکستان کی پیشہ ورانہ اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس میں قابل عمل خیالات کے تبادلے، مہارتوں کے فروغ اور بامعنی شراکت داری کو فروغ دینا شامل ہے۔ چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا ہے کہ یہ اقدام اعلیٰ سطح کے انجینئرنگ ذہنوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرے گا اور پاکستان کے انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام ان پاکستانی انجینئرز کی شمولیت کا بھی خیر مقدم کرتا ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں اور خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔

ان کی شمولیت عالمی انجینئرنگ کے اصولوں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرنے اور پاکستان کی مقامی صلاحیتوں میں اضافے میں معاون ہوگی۔ چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انجینئرزکا کردار نالج گیپ کو پر کرنے اور ہمیں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں انتہائی اہم ہے۔ اس اقدام کے ذریعے پی ای سی کا مقصد انجینئرنگ کے پیشے میں جدت اور معیار کو فروغ دینا ہے جبکہ بنیادی مسائل جیسے کہ انفراسٹرکچر کی ترقی، پائیداری، اور ٹیکنالوجیکل ترقی سے نمٹنا ہے۔

کونسل ماہرین کے اس پول کو انجینئرنگ کمیونٹی اور قوم کے لیے ایک تبدیلی کی طاقت کے طور پر دیکھتی ہے۔ چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوششیں پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کو عالمی سطح پر لیڈنگ رول دلوانے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔ اہل پروفیشنلز کو پی ای سی کے ماہرین کے پول میں شامل ہونے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے عمل کے ذریعے شمولیت کی دعوت دی گئی ہے، جو ایک پائیدار اثر ڈالنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔