اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے "ایکسیلنس ایوارڈز 2023” کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت ملک کے 30 ممتاز انجینئرز کو آٹھ مختلف شعبوں میں ان کی خدمات پر اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ایوارڈز کی تقریب 29 اگست کو منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، کامیاب انجینئرز کو ایوارڈز پیش کریں گے۔ ایوارڈز کے لیے انجینئرز کا انتخاب ایک آزاد کمیٹی نے کیا۔ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں انجینئر محمد مظہر الاسلام، ڈاکٹر تبسم ظہور، عبدالقادر جہانگیر درانی، ڈاکٹر طاہر مسعود، امجد سعید، ڈاکٹر مسرور احمد، اعجاز حسین، پروفیسر ڈاکٹر طلحہ حسین علی، اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد شامل ہیں۔ اکیڈیمیا اور ریسرچ کے شعبے میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، مدد علی شاہ، محمد کامران، اور پروفیسر ڈاکٹر عثمان حسن شامل ہیں۔ انوویشن اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی میں اعزاز حاصل کرنے والوں میں سید نہال اصغر، ڈاکٹر اعجاز بشیر جانجوعہ، افتخار احمد، اور حافظ امتیاز احمد شامل ہیں۔
ینگ ٹیکنوپرینیورز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر سلمان رضا نقوی اور ڈاکٹر محمد ذاکر شیخ شامل ہیں۔ انجینئرنگ پالیسی اور ایڈووکیسی کے شعبے میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر ناصر محمود خان، محمد چوہان، سید نفسات رضا، اور فخر النساء شامل ہیں۔انجینئرنگ کنسلٹنسی سروسز میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں مشتاق حسین داؤد، فہیم اقبال صدیقی، اور احسن اظہر صدیقی اور انفراسٹرکچر اور کنسٹرکشن کے شعبے میں اعزاز پانے والوں میں راشد عزیز، راشد احمد، برکت اللہ کاکڑ، اور محمد عمران خان چیمہ شامل ہیں۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے تمام انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایوارڈز ملک میں انجینئرنگ کے شعبے میں خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز ملک کی ترقی کا اہم ستون ہیں اور پی ای سی ان کی پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق اور اختراع کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔