پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی جانب سے فرنٹ لائن ہیروز کو خراجِ تحسین

عید کی مناسبت اور آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم سے قبل پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ملک بھر سے فرنٹ لائن ورکرز کو مدعو کیا تاکہ پولیو کے خلاف جدوجہد میں ان کی غیر معمولی لگن، ثابت قدمی اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):عید کی مناسبت اور آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم سے قبل پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ملک بھر سے فرنٹ لائن ورکرز کو مدعو کیا تاکہ پولیو کے خلاف جدوجہد میں ان کی غیر معمولی لگن، ثابت قدمی اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔یہ تقریب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی)میں منعقد کی گئی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر تمام صوبوں اور علاقوں سے نمائندگان شریک ہوئے جہاں پروگرام کے حقیقی ہیروز یعنی فرنٹ لائن ورکرز کے تجربات کو براہِ راست سننے کا موقع فراہم کیا گیا۔فرنٹ لائن ورکرز نے اپنے کام کے براہِ راست تجربات اور تاثرات شیئر کیے۔

دور دراز اور مشکل علاقوں میں بچوں تک رسائی حاصل کرنے سے لے کر مستقل مزاجی اور ہمدردی کے ذریعے خاندانوں کا اعتماد قائم کرنے تک،ان کی کہانیوں نے اس عزم اور ثابت قدمی کو اجاگر کیا جو پاکستان میں انسدادِ پولیو کی کوششوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے فرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عید ہمیں اتحاد اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے اور ہمارے فرنٹ لائن ورکرز روزانہ کی بنیاد پر اسی جذبے کی عملی مثال ہیں، یہی افراد اس پروگرام کی اصل قوت ہیں جو ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے مزید قریب لے جا رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ملبوسات کے معروف برانڈ ’’جنریشنز‘‘ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے عید پیکجز فراہم کر کے ان کی خدمات کو سراہا۔ پاکستان 13 اپریل 2026 سے شروع ہونے والی آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم کی بھرپور تیاری کر رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر بچے تک مؤثر رسائی کو یقینی بنانے اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے میں فرنٹ لائن ورکرز کا کردار کلیدی اور ناگزیر ہے۔