اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) اور ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ معصوم بچوں کی زندگیاں بچانے کے مشن میں عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نوجوان طلباء و طالبات سمیت اساتذہ نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بڑی تعداد میں بڑھ چڑھ کر خون کے عطیات دئیے۔ سول اور الیکٹریکل انجینیرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، کیمیکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنسز سمیت دیگر ڈیپارٹمنس سے طلباء و طالبات سمیت فیکلٹی ممبران اور پروفیسرز نے بھی اپنے خون کے عطیات دئیے۔
اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے خون کے عطیات دینے والے طلباء وطالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ انجینرنگ اور دفاعی حوالے سے پاکستان کی بہترین اور مایہ ناز یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے اتنی بڑی تعداد میں خون کے عطیات دے کر معصوم زندگیاں بچانے کے عظیم مشن میں بھرپور حصہ لیا۔ مجھے فخر ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کے میرے درجنوں بیٹے بھی اسکالر شپ پر ان اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہےہیں اور آج ان بیٹوں نے بھی اپنے خون کا عطیہ دے کر اپنے بابا جانی زمرد خان کے اس عظیم مشن کو پروان چڑھایا۔ یقیناً کل یہی نوجوان اپنی عملی زندگیوں میں بھی ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ہمارے نوجوان انسانیت کی بے لوث خدمت میں کسی سے کم نہیں۔ نوجوان طلباء و طالبات ملک و قوم کا قیمتی اثاثے ہیں جو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ آج مسقبل کے انجینئرز میں انسانیت کی خدمت کے بے لوث جذبے نے دل جیت لیا اور میرا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ میں ائیر یونیورسٹی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کے طلباء وطالبات اور بالخصوص انتظامیہ کا تہہ دل سے بے حد مشکور ہوں جنہوں آج میری آواز پر لبیک کہا اور معصوم زندگیاں بچانے کے اس عظیم مشن میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ آج یہاں یہ دیکھ کر دل خوش ہوگیا کہ طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ پروفیسرز اور اساتذہ نے بھی اپنے خون کا عطیہ دیا جو یقیناً ہمارے لیے قابل فخر ہے۔
بلاشبہ نوجوان طلباء و طالبات نے ہمیشہ ہر مشکل حالات میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دئیے۔ میں دیگر شعبوں ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز اور وکلا، پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر حلقوں سے بھی اپیل کرتا ہوں انسانیت کی خدمت کے اس عظیم سفر میں ہمارا ساتھ دیں اور اس نیک کام میں ہمارے ہمسفر بنیں۔ ایک انسان کی زندگی کو بچانا تمام انسانیت کو بچانے کے برابر ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) اور ائیر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کا اتنی بڑی تعداد میں خون کے عطیات دینا یقیناً انسانیت سے محبت کا عملی اظہار ہے۔ خون کا عطیہ دینا عظیم صدقہِ جاریہ اور عین عبادت ہے۔
ہمارے ہوتے ہوئے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر کے مرض سے جنگ لڑتے معصوم بچے تنہا نہیں۔ ان بچوں کے لیے اگر مجھے پورے پاکستان بھی پھرنا پڑا تو شہر شہر جاکر ان کے لیے خون کے عطیات جمع کروں گا۔ پاکستان سویٹ ہوم نہ صرف ہزاروں یتیم بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے بلکہ لاکھوں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مرض سے جنگ لڑتے بچوں کے لیے جینے کی امید بھی ہے جنہیں اپنی زندگی جینے کے لیے مسلسل خون کے عطیات کی اشد ضرورت کا سامنا ہے۔ زندگی کا مقصد ہی اوروں کے کام آنا ہے۔ ہم نے اپنے طلباء طالبات کو اس نیک کام میں شامل کرکے ان میں خدمت خلق کے جذبے کو زندہ رکھنا ہے تاکہ یہ جب اپنی عملی زندگی میں جائیں تو ان کے دل انسانیت کی بے لوث خدمت سے سرشار ہوں۔
اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کے ڈائریکٹر پروجیکٹ اسد بن اعظم کا بریفننگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف مقامات، چوکوں چوراہوں، سڑکوں، گلی، محلوں سمیت پبلک پارکس، یونیورسٹیز اور کالجز میں بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ہماری یہ مہم اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام کالجز و یونیورسٹیز اور دیگر اداروں میں جاری ہے۔ جس سے اب تک کم و بیش 17 ہزار سے زائد خون کی عطیات جمع کیے جا چکے ہیں اور اب تک 51 ہزار سے زائد معصوم زندگیاں بچائی جاچکی ہیں۔
اس دوران سابق ڈائریکٹر پاکستان بیت المال راجہ جہانگیر مغل کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کی ٹیم شہر بھر کے مختلف تھیلیسیمیا سینٹرز اور ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کے لیے خون کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور جس سے ہر روز ہزاروں مریض مستفید ہوکر فیض یاب ہورہے ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کی جانب سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، بلڈ کینسر اور ایمرجنسی کیسز سمیت ڈینگی سے لڑتے مستحق مریضوں کے لیے خون کے عطیات کا بندوست کیا جارہا ہے۔ اپیل ہے کہ دیگر کالجز اور یونیورسٹیاں اس مشن کا حصہ بنیں اور اپنے تعلیمی اداروں میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کے لیے ہم سے رابطہ کریں تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ معصوم زندگیاں بچا سکیں۔