اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمنٹری سروسز (پی آئی پی ایس) نے اسلام آباد میں پارلیمانی کارروائی اور بجٹ کے طریقہ کار سے متعلق پارلیمانی رپورٹرز ایسوسیشن (پی آر اے پی) کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خاص طور پر پارلیمانی رپورٹرز کے لئے اس ورکشاپ کی منظوری دی تھی تاکہ پارلیمانی رپورٹرز کو پارلیمنٹ کے تقدس اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے بہتر طور پرآگاہ کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ ورکشاپ کے مقاصد صحافیوں کو بجٹ کے عمل سے متعلق مالی اور تکنیکی جانکاری سے آراستہ کرنا تھا ، بجٹ سے متعلق ایوان کی کارروائی کو موثر طریقے سے کیسے رپورٹ کیا جائے اور نوجوان صحافیوں میں صحافتی اقدار کو فروغ دینا ہے
تاکہ اس وقار کو برقرار رکھا جاسکے۔مقررین میں سینئر ترین پارلیمانی رپورٹر حافظ طاہر خلیل ، خصوصی سکرٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق ، خصوصی سکریٹری قومی اسمبلی سید شمعون ہاشمی ، سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم ، ڈائریکٹر وزارت خزانہ پیپس عدنان عظیم اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ظفر سلطان خان شامل تھے۔ مقریرین نے شفاف اور اخلاقی اقدار کے مطابق پارلیمانی رپورٹنگ کے لئے پارلیمنٹ کے رپورٹرز کے کردار ، سالانہ بجٹ کی مرحلہ وار تیاری ،بجٹ کے تکنیکی مسائل اور پریس گیلری سے رپورٹنگ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقریرین نے پارلیمانی رپورٹر کے کردار ، حدود اور ذمہ داریوں کی وضاحت کے لئے مختلف جمہوری ممالک کی مثالوں سے وضاحت کی ۔
مزید برآں پارلیمانی رپورٹرز اور میڈیا کے نمائندوں کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کے حوالے سے سوال جواب سیشن کے دوران بڑی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے انتہائی موزوں بین الاقوامی بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر پی آر اے پی عثمان خان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور پپس کی جانب سے آگہی سے بھرپور ورکشاپ منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا کے نمائندوں کو بہترین سہولت فراہم کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے بھی خطاب کیا اور ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔