پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے حج 2025 کے لئے پروگرام کا اعلان کر دیا

288

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)نے حج 2025 کے لئے اپنی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت تقریباً 56 ہزار حجاج کو 280 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے پیر کو ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت 20 ہزار حجاج جبکہ پرائیویٹ حج گروپ آپریٹرز کے تحت36 ہزار حجاج پی آئی اے کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہوں گے ۔پری حج آپریشنز 29 اپریل سے شروع ہو گا اور یکم جون تک جاری رہے گا ۔

پوسٹ حج آپریشنز 12 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا ۔ تقریباً 280 پروازیں چلائی جائیں گی۔ روڈ ٹو مکہ سہولت کے تحت سہولت اس سال اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر دستیاب ہوگی جس سے حجاج کو سعودی عرب پہنچنے سے پہلے ہی امیگریشن اور کسٹم کی کارروائیوں سے فارغ ہونے میں آسانی ہوگی۔ پی آئی اے نے حجاج کی رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔ مزید تفصیلات کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔