پاکستان انڈر19 ٹیم، وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور سکواڈ میں بطور لیٹ ایڈیشن شامل

ملتان سلطانز نے آئندہ پاکستان سپر لیگ سیزن کے لیے پاکستان انڈر19 ٹیم کے باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور کو سکواڈ میں بطور لیٹ ایڈیشن شامل کر لیا ہے۔

لاہور۔18اپریل (اے پی پی):ملتان سلطانز نے آئندہ پاکستان سپر لیگ سیزن کے لیے پاکستان انڈر19 ٹیم کے باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور کو سکواڈ میں بطور لیٹ ایڈیشن شامل کر لیا ہے۔حمزہ ظہور کو ملک کے ابھرتے ہوئے نوجوان وکٹ کیپرز میں شمار کیا جاتا ہے،جو وکٹوں کے پیچھے اپنی پھرتی اور بیٹنگ میں جارحانہ انداز کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ٹیم انتظامیہ کے مطابق ان کی شمولیت سے سکواڈ کو نہ صرف مضبوطی ملے گی بلکہ نوجوان توانائی اور حکمت عملی میں بھی لچک پیدا ہوگی،جو ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔اس نئی شمولیت کے بعد ملتان سلطانز کا اسکواڈ مکمل ہو کر22 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گیا ہے۔

فرنچائز کے پاس اب بھی پلیئر پرس میں 75 لاکھ روپے باقی ہیں جبکہ حمزہ ظہور کو سیزن کے لیے 24 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔جاری اپنے بیان میں حمزہ ظہور کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کا حصہ بننا ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنا اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے سی ای او گوہر شاہ نے کہا کہ حمزہ ظہور ایک غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں جو ٹیم کے کلچر کے عین مطابق ہیں۔ ان کے مطابق وہ وکٹوں کے پیچھے نہایت مستعد اور بیٹنگ میں انتہائی متحرک ہیں اور ایک مکمل کرکٹر کے طور پر ٹیم کے لیے قیمتی اضافہ ثابت ہوں گے۔