وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن ایوارڈ دینے کے مطالبے کی قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

75

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اے پی پی) پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے فعال اورموثرکردارادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کیلئے نوبل امن ایوارڈ دینے کے مطالبے کی قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔یہ قرارداد وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فوادحسین نے جمع کرائی ہے جس میں کہا گیاہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اورتناﺅ میں کمی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ہوش مندی اورمعاملہ فہمی پرمبنی کرداراداکیا ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیاہے کہ بھارتی قیادت کی جنگی جنون اورجارحانہ طرز عمل نے دوجوہری ریاستوں کو جنگ کے دھانے اورسرحد کے آرپاررہنے والے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات میں ڈال دیا تھا۔قراردار کے متن میں کہا گیاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے فعال اورموثرکرداراورحالات کو فہم وفراست سے سنبھالتے ہوئے خطرات کا رخ موڑدیا۔ قرارداد میں کہا گیاہے کہ خطے میں امن کیلئے خدمات ہر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینا چاہیے۔