اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اورجنوبی و وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، پہلی سہ ماہی میں جنوبی اوروسطی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات میں اضافہ اورخطہ کے ممالک سے درآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ممالک کوبرآمدات سے ملک کو503.04 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17.92 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ممالک کو426.58 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
ستمبرمیں خطہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو181.72 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال ستمبرکے مقابلہ میں 22.36 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال ستمبرمیں جنوبی اوروسطی ایشیائی ممالک 148.50 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں، مالی سال 2022 میں جنوبی اوروسطی ایشیائی خطہ کے ممالک کومجموعی طورپر1.981 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر47.44 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔اعددوشمارکے مطابق پہلی سہ ماہی میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ممالک سے 98.80 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 145.68 ملین ڈالرتھی۔ستمبرمیں خطہ کے ممالک سے درآمدات پر33.35 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ سال ستمبرمیں 56.40 ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2022 میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ریاستوں سے درآمدات کامجموعی حجم 644.50 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔