پاکستان اورسپین کے درمیان تجارتی حجم میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 27.69 فیصد کی کمی

78

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان اورسپین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 27.69 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اس عرصہ میں سپین کوپاکستانی برآمدات میں 31.13 فیصد اورسپین سے درآمدات میں 12.79 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے لیکرنومبر2020 تک کی مدت میں سپین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 289.99 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.13 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سپین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 380.27 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ نومبر2020 میں سپین کو70 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی، نومبر2019 میں سپین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 69.10 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال 2020 میں سپین کوپاکستان کی کل برآمدات کاحجم 859.73 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال میں سپین سے درآمدات میں 12.79 فیصدکی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔جولائی سے لیکرنومبر2020 تک کی مدت میں سپین سے 66.99 ملین ڈالرکی درآمدات کی گئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی عرصہ میں سپین سے درآمدات کاحجم 75.56 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔نومبر2020 میں سپین سے 16.81 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی،نومبر2019 میں سپین سے 15.44 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔