اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اورشمالی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے دوماہ میں شمالی امریکا کوپاکستانی برآمدات میں 11.40 فیصدکی نموجبکہ شمالی امریکا سے درآمدات میں 14.51 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں امریکا، کینیڈا اورشمالی امریکا کے دیگرممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.197 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.40 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی امریکا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.074 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اگست میں شمالی امریکا کوبرآمدات سے ملک کو665.85 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوجولائی میں 531.56 ملین ڈالراورگزشتہ سال اگست میں 539.69 ملین ڈالرتھا۔
مالی سال 2022 میں شمالی امریکا کوپاکستانی برآمدات کاحجم 7.203 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں شمالی امریکا سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر14.51 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔جولائی اوراگست میں شمالی امریکاسے درآمدات کاحجم 419.06 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 479.90 ملین ڈالرتھا۔
اگست میں شمالی امریکاسے درآمدات پر235.22 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، جوجولائی میں 183.84 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 228.03 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2022 میں شمالی امریکاسے درآمدات پر3.340 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔