اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پاکستان اورشمالی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.15 فیصدکااضافہ ہواہے، اس عرصہ میں شمالی یورپ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں 13.68 فیصدجبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 14.73 فیصداضافہ دیکھنے میں آیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمالی یورپ کے ممالک ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اورخطہ کے دیگرممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.735 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.68 فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.526 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، فروری 2021 میں شمالی یورپ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 228.94 ملین ڈالرریکارڈکیاکیا جوگزشتہ سال فروری میں 183.11 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 25.02 فیصدزیادہ ہے۔ مالی سال 2020 میں شمالی یورپ کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 2.180 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 14.73 فیصدکااضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس مدت میں شمالی یورپ سے درآمدات پر847.71 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ سے درآمدات پر738.86 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا، فروری 2021 میں شمالی یورپ سے درآمدات کاحجم 105.974 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی۔ گزشتہ سال فروری میں خطے کے ممالک سے درآمدات کاحجم 71.85 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔