پاکستان اورمشرقی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ

68
اسٹیٹ بینک

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان اورمشرقی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔مشرقی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات اوران ممالک سے درآمدات میںمیں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مشرقی یورپ کے ممالک ہنگری، رومانیہ،روس ، یوکرین اوردیگرممالک کو 139.65 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 0.47 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 133.17 ملین ڈالرتھا۔اعدادوشمارکے مطابق ستمبر2020 میں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 50.36 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، گزشتہ سال ستمبرمیں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 47.56 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق پہلی سہ ماہی میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 79.10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔جولائی سے لیکرستمبر2020 تک کی مدت میں ہنگری، رومانیہ،روس ، یوکرین اور خطہ کے دیگرممالک سے درآمدات کا حجم 132.79 ملین ڈالررہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک سے درآمدات کاحجم 74.14 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ستمبر2020 میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 65.37 ملین ڈالررہا۔ گزشتہ سال ستمبرمیں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 17.19 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔