اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان اورمغربی ایشیا کے ممالک سعودی عرب، کویت، اردن، بحرین، متحدہ عرب امارات اورخطہ کے دیگرممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جاری مالی سال میں خطہ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 13.47 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 68.53 فیصدکی نموریکارڈ کی گئی تھی۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں مغربی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 1.267 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.47 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.116 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
نومبر2021 میں مغربی ایشیا کے خطہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 280.51 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جونومبر2020 میں 228.85 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 2.906 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 7.89 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 68.53 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 4.68 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواتھا۔
نومبر2021 میں مغربی ایشیا کے ممالک سے 1.585 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی جو نومبر2020 میں 931.10 ملین ڈالرتھیں۔ مالی سال 2021 میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا کل حجم 13.58 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔