اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے دونوں ممالک کے آڈٹ اداروں میں تعاون بڑھانے، آڈٹ کے تجربات شیئر کرنے، آئی ٹی آڈٹ اور ماحولیات کے آڈٹ (متوازی/مشترکہ آڈٹ) اور انسانی وسائل کی تربیت میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس امر کا اظہار جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکائونٹس (سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشن آذربائیجان) کے چار رکنی وفد کے آڈیٹر جنرل آف پاکستان (سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشن پاکستان) کے دفتر کے دورے کے دوران کیا گیا۔بدھ کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفد کی سربراہی جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکائونٹس کے چیئرمین ووگر گل محمدوف کر رہے تھے۔
وفد کوایس اے آئی پاکستان کے کام، کارکردگی آڈیٹنگ اور اس کے پاکستان کے چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اینڈ اکائونٹنسی کے ساتھ کام کرنے اور آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔ جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکائونٹس نے قبل ازیں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے محکمے کے پیشہ ورانہ موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2023 کے لیے اپنے اکائونٹس کا ہم مرتبہ جائزہ لینے کی درخواست کی تھی۔
اے جی پی محمد اجمل گوندل نے جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکائونٹس کے چیئرمین کو ایس اے آئی آذربائیجان کے مالیاتی گوشواروں کے بیرونی آڈٹ کی ہم مرتبہ جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے دفتر کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔