پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل، وزارت خارجہ کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام

Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے تعاون سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کی یاد میں دفتر خارجہ میں ایک خصوصی تقریب اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح کی مصروفیات کی بھرپور تاریخ کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات میں اہم سنگ میلوں کو دکھانے کے لیے ڈسپلے پر خصوصی تصاویر رکھی گئی تھیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمودنے کہا کہ پاکستان آذربائیجان تعلقات 1992 میں دوطرفہ تعلقات کے باضابطہ قیام کے بعد سے ایک مضبوط اور کثیر جہتی شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔سیکرٹری خارجہ نے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجانےکی حمایت کا موقف دہرایا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر آذربائیجان کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان جموں و کشمیر او آئی سی رابطہ گروپ کے رکن کی حیثیت سے کشمیریوں کے حقوق کا مستقل وکیل رہا ہے۔

دوطرفہ تعلقات کی حالت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے آذربائیجان کے ساتھ بالخصوص اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اس تقریب میں وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ساتھ ترکی کے سفیروں اور سینئر سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔ میڈیا کے اراکین اورنیشنل یونیورسٹی آف مارڈرن لینگویجز میں قائم آذربائیجان کے کثیر ثقافتی مرکز کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔