پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے،چوہدری شافع حسین

110

لاہور۔11فروری (اے پی پی):لاہور میں آذر بائیجان کے ٹریڈنگ ہائوس کا افتتاح کر دیا گیا۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی،جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین،صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن الرحمن،چئیرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ منتہی اشرف،سفیر آذربائیجان خضر فرادوف اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی جبکہ بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں آذربائیجان کے ٹریڈ ہائوس کا قیام اہم اقدام ہے،پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں اور عوامی سطح کے روابط بڑھانے سے دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔پاکستان سے ٹیکسٹائل،فارماسیوٹیکل اور فوڈ پراڈکٹس آذربائیجان کو ایکسپورٹ کی جاسکتی ہیں جبکہ پاکستان آذربائیجان سے پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیا درآمد کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کا فروغ موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے،چین کی موبائل فون کمپنی انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگا رہی ہے جس سے اب موبائل فون پنجاب میں ہی بنیں گے۔سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ بھی پنجاب میں شروع ہونے جا رہی ہے،اس حوالے سے چین کی کمپنی پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ لاہور میں آذربائیجان کے ٹریڈ ہاوس کا قیام خوش آئند ہے۔ ٹریڈ ہاوس کا قیام دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول اور مواقع موجود ہیں۔پنجاب حکومت کا فوکس نئی سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔

ایم پی اے حنا پرویز بٹ،آذربائجان کے سفیر اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔آذربائیجان کے سفیر نے ٹریڈ ہاوس کی اہمیت،آذربائیجان اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے مواقع اور معاشی تعاون بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔