22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومکھیل کی خبریںپاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے...

پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ میں (کل) شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی

- Advertisement -

شارجہ۔28اگست (اے پی پی):پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ میں (کل) جمعہ کے روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سیریز میں تیسری ٹیم میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہے۔ اس سیریز کو ایشیا کپ کے لیے وارم اپ سیریز قرار دیا جا رہا ہے جو 9 سے 28 ستمبر تک دبئی و ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم دوسرا میچ 30 اگست کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم 2 ستمبر کو ایک مرتبہ پھر افغانستان سے ٹکرائے گی جبکہ 4 ستمبر کو چوتھا میچ میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ سیریز کا فائنل 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ پاکستانی کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ یہ سہ فریقی سیریز ایشیا کپ سے قبل ٹیم کی بھرپور تیاری میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے قیادت کو اپنے لیے اعزاز اور ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم اس وقت اچھے ردھم میں ہے اور کھلاڑی بھرپور جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

سیریز میں فخر زمان پر بھی سب کی نظریں مرکوز ہوں گی جنہیں ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دو رنز مکمل کرنے کے لیے 51 رنز درکار ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پانچویں بیٹر ہوں گے۔ اس سے قبل بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حفیظ اور شعیب ملک یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان اب تک سات ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے ہیں جن میں قومی ٹیم نے 4 جبکہ افغان ٹیم نے 3 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے یو اے ای کے خلاف ایک ٹی 20 میچ کھیلا ہے جو جیتا ہے۔ شارجہ اسٹیڈیم بھی گرین شرٹس کے لیے کامیابیوں کی علامت رہا ہے جہاں پاکستان نے 126 ون ڈے میچوں میں سے 83 جیتے جبکہ 9 ٹی 20 انٹرنیشنل میں سے 6 میں فتح حاصل کی۔ پاکستان اسکواڈ میں کپتان سلمان آغا، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، حسن نواز، خوشدل شاہ، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز، حسن علی، سفیان مقیم، ابرار احمد، حارث رؤف، سلمان مرزا اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں