لاہور۔15جولائی (اے پی پی):پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج کو نوٹنگھم سے ہوگا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیمیں اس سے قبل 5 مرتبہ انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 2 سیریز میں پاکستان اور 2 میں میزبان انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ سال دونوں ممالک کے مابین تین میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
ترجمان کے مطایق مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 18 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکی ہیں، جہاں 12 میں انگلینڈ اور 5 میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں میزبان انگلینڈ 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان 261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
دونوں ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم اس فہرست میں دوسرے نمبرپر موجود ہیں۔بالنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بالترتیب 17ویں اور 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔