اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لیجانے کا عزم ظاہر کیا ہے ،ہفتہ کو وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے تہران میں نویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل ایرانی وزیر صنعت و تجارت سید رضا فاطمی امین سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں نویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے فیصلوں پر مثبت انداز میں عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔
مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہاکہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا ضروری ہے۔ ایرانی وزیر صنعت و تجارت نے پاکستانی کمپنیوں کو ایران میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔