پاکستان اور ایران کے مابین مواصلات کے شعبے میں باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

76
پاکستان اور ایران کے مابین مواصلات کے شعبے میں باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

تہران۔3جون (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم کے تہران میں اجلاس کے آخری روز پاکستان اور ایران کے مابین مواصلات کے شعبے میں باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جس میں ایران کی وزیر روڈ و اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق اور پاکستانی وفد کے سربراہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ایرانی وزیر فرزانہ صادق اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے مابین وفود کے ہمراہ با ضابطہ اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

منگل کو وزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران دیرینہ مذہبی،ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،ہماری ثقافت بلوچستان سے شروع ہوتی ہے اور ایران کے ساتھ روزمرہ کی زندگی سے لے کر دیگر امور میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ایرانی وزیر روڈ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے پاکستان میں بالخصوص شعبہ مواصلات کیلئے ہر ممکن تعاون اور دو طرفہ منصوبوں پر پیشرفت پر آمادگی کا اظہار کیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سینئر افسران بھی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف، ترکمانستان کے وزیر ٹرانسپورٹ ممیت خان چاکیو اور ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ الخوم محکموف نے بھی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور اُن سے اپنے اپنے ملک کے حوالے سے باہمی تعاون اور مختلف محکمانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے وسط ایشیائی ریاستیں یورپ اور روس سے ٹریڈ کے لئے”گیٹ وے "ہیں، ہم ریل اور روڈ سے دیگر ممالک کے لئے ٹریڈ میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے مختلف منصوبوں پر پہلے سے کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای سی او کے اجلاس میں شریک ممالک مزید نزدیک آئیں گے۔اس موقع پر قازقستان،ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ نے انتہائی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اپنے ممالک کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور پاکستان کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ دو روزہ ای سی او اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کیا۔انہوں نے میزبان ملک ایران کی وزیر کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید کی طرف سے بھی استقبالیہ دیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات نے مختلف ممالک کے وزراء صاحبان اور سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور اجلاس ہوئے جن میں بالخصوص پاکستان سے شعبہ مواصلات کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔