17.7 C
Islamabad
منگل, مارچ 4, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات اور دو طرفہ تجارت میں...

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات اور دو طرفہ تجارت میں بہتری کے علاوہ ثقافتی تعلقات کو بھی بڑھایا جائے گا، بین وارنگٹن

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 04 مارچ (اے پی پی):برٹش ہائی کمیشن کے لاہور آفس کے سربراہ مسٹر بین وارنگٹن نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات اور دو طرفہ تجارت میں بہتری کے علاوہ ثقافتی تعلقات کو بھی بڑھایا جائے گا۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے تجارتی شراکت داروں کی مدد کے علاوہ تعلیم ہیلتھ کیئر اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے بھی ہر ممکن کوششیں کرے گا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا زرعی اور صنعتی شہر ہے جو پاکستان کے وسط میں واقع ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے یہاں کے نامور تعلیمی اداروں کا ذکر کیا اور کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ اور علامہ اقبال سپیشل اکنامک زون میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے جدید صنعتی ادارے قائم کئے گئے ہیں جو روزگار مہیا کرنے کے علاوہ برآمدات میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل اس شہر کی شناخت ہے مگرآئی ٹی، فارما سوٹیکل، کیمیکل، خوردنی تیل، بیوریج، چاول، صابن، فونڈری اور سرامکس اور لائٹ انجینئرنگ سمیت دیگر شعبے بھی ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت 4.4بلین پاؤنڈ تھی۔2023ء میں برطانیہ نے پاکستان کو 651ملین ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ پاکستان سے 2.28ارب کی برآمدات کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ، پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، انجینئر عاصم منیر، محمد طیب، ندیم اقبال، جنید محمود اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسٹر بین وارنگٹن کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی 50سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے خصوصی پن لگائی گئی۔

بعد میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے انجینئر عاصم منیر اور محمد علی کے ہمراہ انھیں چیمبر کی اعزازی شیلڈ اور گفٹ بھی پیش کئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568637

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں