راولپنڈی۔1ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، میچ کے تیسرے دن بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 12 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا ، 26 کے مجموعی سکور پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد لتن داس نے 138 اور مہدی حسن میراز نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا ، خرم شہزاد نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 9 کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گنوا دیں ، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے ، صائم ایوب 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، دونوں وکٹیں حسن محمود نے حاصل کیں ۔
اتوار کوراولپنڈی کرکٹ اسٹڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 10 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو شادمان اسلام 6 اور ذاکر حسن صفر پر ناٹ آؤٹ تھے ، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے دن کے آغاز میں کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 26 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کے 6 کھلاڑی آئوٹ کر دیئے ، ذاکر حسن پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، اپنے اگلے اوور میں خرم شہزاد نے شادمان اسلام اور کپتان نجم الحسین شانتو کو کلین بولڈ کر کے بنگلہ دیش کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ، شادمان اسلام 10 اور نجم الحسین شانتو 4 رنز بنا سکے ، 20 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب مومن الحق ایک رن بنانے کے بعد میر حمزہ کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، میر حمزہ نے اپنے اگلے اوور میں مشفق الرحیم کو 3 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی ، شکیب الحسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم 50 سے بھی کم اسکور پر آؤٹ ہو جائے گی مگر لتن داس اور مہدی حسن میراز نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ساتویں وکٹ 165 رنز کی شراکت قائم کر کے 191 تک پہنچا دیا ، اس موقع پر مہدی حسن میراز کو خرم شہزاد نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کر دیا ، مہدی حسن میراز 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، تسکین احمد آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، لتن داس نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور حسن محمود کے ساتھ مل کر نویں وکٹ میں 69 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 262 تک پہنچا دیا ، لتن داس نے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور گرائونڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے ، انہوں نے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی اور 138 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد سلمان علی آغا کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے ، ناہید رانا آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے سلمان علی آغا کا شکار بنے ، اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 274 رنز کے جواب میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، خرم شہزاد نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور اس نے کھیل کے اختتام پر 9 کے اسکور پر 2 وکٹیں گنوا دیں ، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے ، دونوں وکٹیں حسن محمود نے حاصل کیں۔