پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا

126
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا

راولپنڈی۔29اگست (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) جمعہ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا ، مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ، پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی ، یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی کامیابی تھی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لئے 12 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان) ، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں ، شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے ، پلیئنگ الیون کا فیصلہ میچ سے قبل پچ کی کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا ۔

پی سی بی کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ میں طلبہ کی انٹری فری ہو گی ، سٹیڈیم میں داخلے کے لیے طلبہ یونیفارم میں ہوں اور تعلیمی ادارے کا کارڈ ہمراہ لائیں ، پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح شائقین کی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک رسائی میں آسانی کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلائی جائے گی،

روٹ ون ایوی ایشن گراؤنڈ، راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ ٹو گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔