پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسائل کے حل کیلئے نمایاں پیشرفت ، پاکستانی وفد 27 جنوری سے یکم فروری تک بھارت کے آبی منصوبوں کا معائنہ کرے گا،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسائل کے حل کیلئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور بھارت نے چناب بیسن پر زیر تعمیر بھارتی منصوبوں کے معائنے کے لئے پاکستان کی درخواست سے اتفاق کرلیا ہے۔ پاکستانی وفد سندھ طاس کمشنر کی قیادت میں 27 جنوری سے یکم فروری تک بھارت کے آبی منصوبوں کا معائنہ کرے گا۔ جمعہ کو وفاقی وزیر آبی …

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسائل کے حل کیلئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور بھارت نے چناب بیسن پر زیر تعمیر بھارتی منصوبوں کے معائنے کے لئے پاکستان کی درخواست سے اتفاق کرلیا ہے۔ پاکستانی وفد سندھ طاس کمشنر کی قیادت میں 27 جنوری سے یکم فروری تک بھارت کے آبی منصوبوں کا معائنہ کرے گا۔ جمعہ کو وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چناب بیسن پر زیر تعمیر بھارتی منصوبوں کے معائنے کے لئے پاکستان کی درخواست سے بھارت نے اتفاق کیا ہے‘ یہ آبی وسائل کی وزارت کی بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو بھارت کے آبی منصوبوں کے معائنے کے لئے روانگی کی ہدایت کردی ہے۔ وفد کی قیادت سندھ طاس کمشنر کریں گے اور یہ ان کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کے لئے تعاون کے جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے توقع ہے کہ معاہدے کی شرائط کے مطابق دیگر حل طلب معاملات کے تصفیہ کے لئے بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی برسوں سے سندھ طاس معاہدے کا تنازعہ چل رہا ہے اور ہماری مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں یہ بڑی پیشرفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے کہ دیگر حل طلب مسائل کے لئے بھی اس جذبے کا مظاہرہ کیا جائے گا۔