پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں ، ترک سفیر

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں ، ترک سفیر

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ایک مضبوط برادرانہ رشتے میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ کی اختتامی تقریب اور تقسیمِ اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کے لئے ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم اور مختلف تعلیمی وظائف (سکالرشپس) کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ترکیہ زبان، ادب، ثقافت اور معاشرت سے آگاہی انتہائی ضروری ہے، اسی مقصد کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ قائم کیا گیا ہے جو پاکستانی طلبہ کو ترک زبان، ادب اور ثقافت سے روشناس کرانے کے لئے زبان کے کورسز، تعلیمی پروگرامز اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کرتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ترکش سمر کیمپ اور دیگر تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کا دائرہ کار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں قائم علاقائی دفاتر تک وسیع کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے زیادہ سے زیادہ طلبہ ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ترک سفیر نے اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان اور ترکیہ کے تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے ہموار کر رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے سمر کیمپ میں شریک طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترک زبان سیکھنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے، اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس علم کو مزید آگے بڑھائیں، اپنی لسانی مہارتوں کو نکھاریں اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دوستی، محبت اور ثقافتی روابط کے سفیر بنیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل دونوں برادر ممالک کے روشن مستقبل کی ضامن ہے اور ایسے تعلیمی و ثقافتی پروگرامز نوجوانوں کو عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے طلبہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے "پاکستان-ترکیہ بھائی چارہ زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے جس سے تقریب کا ماحول جوش و خروش اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کے جذبات سے بھر گیا۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ میں 30 طلبہ نے ترک زبان اور ثقافت کی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔