ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کا نکاسی آب اور تجاوزات سے متعلق اہم مقامات کا دورہ
ڈپٹی کمشنر کا نکاسی آب اور تجاوزات خاتمہ کے انتظامات کے حوالے سے مختلف علاقوں کا دورہ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے لنک روڈ، منڈیاں، جب پل اور دیگر اہم چوک پوائنٹس کا دورہ کر کے پانی کے قدرتی راستوں، نالوں، تجاوزات اور نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے چیئرمین ڈی آر سی ایاز سلیم رانا کے ہمراہ بند کھوہ چوک، کیہال چوک، سینا لیبارٹری اور چنار روڈ سمیت مختلف مقامات پر نالوں پر قائم تجاوزات کا معائنہ کیا اور اہم چوک پوائنٹس کی نشاندہی کی۔ اس موقع پر ٹی ایم اے، کینٹونمنٹ بورڈ اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو فوری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ دورے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف)، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد افراسیاب زبیر ہندل اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بند کھوہ چوک سے ریڑھیوں کے فوری انخلا اور تجاوزات کے خاتمہ کی ہدایت کی، جبکہ حسن ٹاؤن اور جب نالہ کا بھی معائنہ کرتے ہوئے نالوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔مزید برآں، منڈیاں آکاش ربانی، پرانا میزائل چوک اور جب نالہ کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں سوئی گیس آفس کے قریب نالے کی چوڑائی میں اضافے کے لیے ایس این جی پی ایل کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے سیوریج کے مسائل، پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور نالوں کی صفائی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی تاکہ مون سون کے دوران ممکنہ فلیش فلڈ اور شہری سیلابی صورتحال سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے ٹی ایم اے اور ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ چوک پوائنٹس کی مسلسل نگرانی، تجاوزات کی مکمل نشاندہی اور پانی کے قدرتی راستوں کی بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط انداز میں اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔








