امام حسینؓ کا اسوہ امن، سلامتی اور رواداری کا پیغام دیتا ہے، طاہر اشرفی
حضر ت امام حسین رضی اللہ عنہ کا اسوہ مسلمانوں کو امن، سلامتی اور رواداری کا پیغام دیتا ہے،حافظ طاہر اشرفی
لاہور۔24جون (اے پی پی):چیئر مین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حضر ت امام حسین رضی اللہ عنہ کا اسوہ مسلمانوں کو امن،سلامتی اور رواداری کا پیغام دیتا ہے،حکومت اور علما کی کمیٹی امن کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
ان خیا لات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں قومی و صوبائی پیغام امن کمیٹی کے ممبران اور تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج کے قومی پیغام امن کمیٹی اجلاس میں پاکستانی تاریخ میں پہلی بار غیر مسلم کمیونٹی کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی صوبے کی تمام کمیٹیوں کے ساتھ رابطے میں ہے،محرم الحرام میں ہمیں ایک دوسرے کا معاون بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک تمام علما مشائخ نے قومی پیغام امن کمیٹی کے مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی ہے،تمام اکابرین نے جس طرح تعاون کیا ان سے مزید تعاون درکار ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ 10محرم کو جمعہ کا دن ہے ،ایک طرف مجالس اور دوسری طرف جمعہ کے اجتماعات ہونگے،تمام خطبا اس جمعے کو اپنے خطبات میں پیغام امام حسین دیں گے جبکہ امام حسین کا پیغام امن،سلامتی اور رواداری کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور علما کی کمیٹی امن کیلئے دن رات کوشاںہے، عشرہ محرم بھی امن و سکون اور بین المسالک رواداری اور ہم آہنگی کے ساتھ گزرے گا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران،امریکہ ایم او یو سے انڈیا اور اسرائیل بہت تکلیف میںہے،دشمن چاہتا ہے کہ یہ صلح نہ ہو،مگر امن کا مشن مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پر الزام دہشگردی کا لگایا جاتا تھا،آج اسے امن کی سرزمین کہا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دنیا میں پذیرائی دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی،دشمن اپنی کوشش میں ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے اس بڑھتی ہوئی عزت کو کم کریں، مگر ہمارا یہ وطن عزیز ملک پاکستان مزید کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرے گا۔ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ضیا اللہ شاہ بخا ری نے کہا کہ پا کستان عظمت اور عزت کی بلندی پر فائز ہو چکا ہے،پاکستان کی ثالثی کی بدولت ایران اور امریکہ کی صلح ہوئی،یہ تما م کامیابیاں پاک فوج کی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کا کردار بہت اہم ہے،پاکستان میں استحکام کیلئے ہم سب ساتھ ہیں۔مفتی شاہد عبید نے کہا کہ محرم الحرام قابل احترام مہینہ ہے،اس وقت عالمی حالات جو چل رہے ہیں ہر طرف دشمن یہود و ہنود کا گٹھ جوڑ ہے اور مسلمانوں کو لڑانے کی اور اس فساد کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم محرم کے علاوہ دیگر مہینوں میں بھی اس سازش کو ناکام بنانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بد امنی ہوتی ہے،جھگڑے ہوتے ہیں تو کمزوریاں بڑھتی ہیں۔









