ڈپٹی کمشنر کیچ کا اسلحہ لائسنسوں کے اجرا اور کمپیوٹرائزیشن کیلئے نئے ضوابط کا اعلان
ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسلحہ لائسنس کے حصول اور دستی لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے نئے ضوابط اور طریقہ کار کا اعلان کر دیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسلحہ لائسنس کے حصول اور دستی لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے نئے ضوابط اور طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائسنس کے حصول یا ری ویلیڈیشن کے لیے مقررہ طریقہ کار پر لازمی عمل کریں۔
نئے اسلحہ لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے اصل شناختی کارڈ، ڈومیسائل، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور پولیس ویریفکیشن کا ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزاروں کو سب سے پہلے ’ای سہولت‘ کے ذریعے 3,450 روپے پروسیسنگ فیس جمع کرانے کے بعد ڈیٹا انٹری کے لیے ڈی سی آفس کی اسلحہ برانچ سے رجوع کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ، لائسنس کی قسم (رائفل، پسٹل یا شارٹ گن) اور دائرہ کار (صرف بلوچستان یا آل پاکستان) کے لحاظ سے مقررہ فیس بھی ای۔ سہولت کے ذریعے جمع کرانا ہوگی، جس کے بعد ڈیمانڈ نوٹ حاصل کر کے مجاز ڈیلر سے اسلحہ خرید کر اندراج کرانا ہوگا۔دوسری جانب، پرانے دستی (مینول) لائسنس رکھنے والے شہریوں کو اپنے اصل شناختی کارڈ اور اصل دستی لائسنس کے ساتھ ڈی سی آفس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اگر لائسنس کی میعاد ختم ہو چکی ہے تو پہلے پوسٹ آفس سے متعلقہ ٹکٹوں کی تجدید کرانا لازمی ہوگا۔ اس ری ویلیڈیشن کے عمل کے لیے بھی 3,450 روپے پروسیسنگ اور 2,000 روپے کارڈ فیس ای۔ سہولت کے ذریعے ادا کرنا ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق، دونوں صورتوں میں مکمل شدہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد چار ہفتوں کے اندر کمپیوٹرائزڈ لائسنس کارڈ جاری کر دیا جائے گا، لہذا شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں تاکہ ان کے معاملات بروقت نمٹائے جا سکیں۔








