ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، نویں اور دسویں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 9 اور 10 محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

سرگودھا۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 9 اور 10 محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران قائم پرامن ماحول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علما کرام، امن کمیٹی کے اراکین، منتظمین مجالس و جلوس، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے تعاون اور باہمی ہم آہنگی کی بدولت ضلع سرگودھا میں امن و بھائی چارے کی فضا برقرار ہے اور محرم الحرام کی مجالس و جلوس خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ9اور 10 محرم الحرام انتہائی اہم ایام ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہم اسی جذبہ اخوت، برداشت اور مذہبی رواداری کے ساتھ ان دنوں کو بھی پرامن انداز میں گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کے لیے جو اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ تمام مذہبی سرگرمیاں منظم انداز میں مکمل ہو سکیں، خصوصاً یومِ عاشور جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے پیش نظر نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں خواتین کی شرکت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اس لیے خواتین کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات، موثر چیکنگ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی کے اراکین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں اپنی موجودگی کے ذریعے نظم و ضبط برقرار رکھنے اور معمولی نوعیت کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال مزید مستحکم ہوئی ہے۔اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں سال محرم الحرام کے حوالے سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کمیٹی آئندہ بھی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ اجلاس میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، امن، بھائی چارے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر، پاک فوج کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، سکیورٹی انچارجز اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

مزید خبریں