ادارے الرٹ ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور امن و امان خراب والے کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا، کمشنر گوجرانوالہ

سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کمشنر گوجرانوالہ

سیالکوٹ ۔ 24 جون (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے سیالکوٹ میں امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کر کے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، امن و امان اور دیگر انتظامات سے متعلق علماء و مشائخ سے مشاورت کی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق کمشنرنے کہا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال انتہائی ذمہ داری سے کریں، مذہبی منافرت پر مبنی مواد کسی بھی صورت آگے شیئر نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے شہریوں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کریں کہ نوجوان نادانی میں ملک دشمن عناصر کے آلہ کار نہ بن جائیں اور اپنے لئے اور اپنے والدین کیلئے پریشانی کا سبب نہ بنیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، ڈی پی او دوست محمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا کہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی نشاندہی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ آر پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ 10 محرم کے 86 سے زائد ماتمی جلوس نکالیں جائیں گے اور ان کو تین سطحوں پر سکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ 170 روف ٹاپس پر بھی پولیس سکیورٹی مہیا کی گئی ۔ امن کمیٹی کے اراکین نے ضلع میں امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں مثالی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے تعاون کے شکر گزار ہیں، امن کمیٹی کے تمام اراکین سے گفتگو کر کے اطمینان ہوا، علماء کرام کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تاہم جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر متبادل جنریٹر کا انتظام ضرور رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔کمشنرگوجرانوالہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے درمیان محبت، بھائی چارہ اور یگانگت ہر جگہ نظر آ رہی ہے۔ آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ عوام میں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے آگاہی پیدا کرنے میں علماء اور مشائخ اپنا کردار کریں۔ کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی او نے ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔